سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب میں 3 ارب ڈالر کی ٹرانسفر کے معاملے پر تمام قانونی معاملات طے پا گئے، اربوں ڈالرز رواں ہفتے مل جائینگے جبکہ مملکت نے سفری پابندیاں بھی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ تین اچھی خبریں آئی ہیں۔

ٹویٹر پر پہلی خوشخبری سناتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ایشن نے ہڑتال ختم کر دی جبکہ دوسری خوشخبری سناتے ہوئے فواد چودھری نے بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید لکھا کہ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کی ٹرانسفر میں تمام قانونی معاملات طے ہوگئے اور یہ ڈالر اس ہفتے پاکستان کو مل جائینگے۔

دوسری طرف سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سفری پابندیوں میں شامل ممالک میں سے پاکستان سمیت مزید چھ ممالک کے مسافروں کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت دے دی گئی ہےـ

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، برازیل، مصر اور ویتنام سے آنے والوں کو اب کسی دوسرے ملک میں 14 دن قیام کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ براہ راست سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے سبب پاکستان اور بھارت سمیت انڈونیشیا، ویتنام، مصر اور برازیل سے ایسے مسافروں، جنہوں نے مملکت میں ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لگوائی تھیں، کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت نہیں تھی۔

پاکستان سمیت مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو یکم دسمبر 2021 بروز بدھ سے براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہوگی۔

پی آئی اے نے کہا ہے کہ وہ پروازیں چلانے کے لیے تیار ہے اور جیسے ہی اعلان کی تحریری صورت سامنے آتی ہے بکنگ شروع کر دی جائے گی۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں