کراچی سمیت مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند، عوام پریشان

کراچی:(ویب ڈیسک) کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد کراچی کے بیشتر علاقوں میں پیٹرول پمپس بند پڑے ہیں کلفٹن، لیاقت آباد، صدر، سہراب گوٹھ، آئی آئی چند ریگر روڈ اور دیگر علاقوں میں بیشتر پمپس بند ہیں۔

شہر کے جن علاقوں میں اکا دکا پمپس کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں جب کہ شہری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے علاوہ بوتلوں میں بھی پیٹرول لے جارہے ہیں۔

روزگار کی تلاش میں نکلنے والے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جب کہ پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے شہری پیٹرول کے لیے مارے مارے پھررہے ہیں۔

ادھر پنجاب میں لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال پر پمپس بند ہیں جب کہ پمپس مالکان نے ڈیلرز کمیشن 6 فیصد تک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سرگودھا میں پمپس بند ہونے کی وجہ سے ناجائز منافع خوروں نے پیٹرول کے من پسند ریٹ وصول کرنا شروع کر دیے ہیں۔

سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیے اور جب تک ڈیلرمارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا مذاکرات نہیں ہوں گے۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں