چڑیا گھر میں نایاب نسل کا سفید شیر مر گیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی کا نوٹس

کراچی:(خبربااثر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے چڑیا گھر میں نایاب نسل کے سفید شیر کے مرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی علی حسن ساجد کا کہنا ہے کہ شیر گزشتہ 13 روز سے بیمار تھا اور اسے پھیپھڑوں کی ٹی بی تھی جس کا علاج ویٹرینری ڈاکٹر کر رہے تھے لیکن آج صبح 11 بجے وہ علالت کے بعدمرگیا، شیر کی عمر تقریباً 14 سے 15 سال کے درمیان تھی۔

ترجمان کے مطابق شیر 2012ء میں افریقہ سے کراچی چڑیا گھر لایا گیا تھا، ویٹرینری ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے شیر کا پوسٹ مارٹم کیا اور اس کی بیماری اور موت سے متعلق تفصیلات جمع کیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق شیر کو نمونیہ بھی تھا جس کی وجہ سے اس کے پھیپھڑوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا اس بارے میں کہنا ہے کہ کراچی چڑیا گھر میں نایاب نسل کے سفید شیر کی موت کا سن کرافسوس ہوا کیونکہ سفید شیر دنیا میں کم ہیں اور کراچی چڑ یاگھر میں موجود یہ سفید شیر بچوں اور نوجوانوں کے لیے انتہائی دلچسپی کا باعث تھا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیر کی موت کی وجوہات سامنے آنے کے بعد اگر چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت پائی گئی تو ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں