پاکستانی شاہین آج افغان کرکٹ ٹیم سے ٹکرائیں گے

دبئی:(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم سپر 12 مرحلے کا اپنا تیسرا میچ افغانستان کے خلاف آج دبئی میں کھیلے گی۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے افغانستان کو بھی خطرناک حریف تصور کیا جارہا ہے ۔

پاکستانی شاہینوں نے بھارتی ٹیم کو پہلے میچ میں خوب دھویا، دس بڑے ناموں کی ٹیم کو دس وکٹوں سے مارا، دوسرے میچ میں کیویز کو بھی بآسانی چت کیا، گرین شرٹس کا اگلا شکار اب افغانستان ہے۔

افغانستان کی ٹیم بھی اس ٹورنامنٹ میں خطرناک حریف کے طور پر سامنے آئی ہے۔وارم اپ میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو باآسانی شکست دی، پھر اسکاٹ لینڈ کو گروپ ٹو کے میچ میں 130 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا، جس میں پاکستان نے تین وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ آج شام سات بجے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں