قندھار:طالبان کا پولیس ہیڈ کوارٹر پر خود کش حملہ، 6 افغان اہلکار جاں بحق

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قندھار کے گورنر کے ترجمان باہر احمد احمدی نے بتایا کہ بدھ کو علی لاصباح 4 بجے طالبان حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھرا ایک فوجی ٹرک گورنر ہاؤس اور افغان پولیس کے ہیڈکوارٹر تک لے جانے کی کوشش کی سیکیورٹی اہل کاروں کی جانب سے فائرنگ کرکے روکنے کی کوشش کے بعد حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔
قندھار کے ضلعے شاولی میں پیش آنے والے اس واقعے میں تین افغان سیکیورٹی اہل کار جاں بحق اور 14 شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ پولیس ہیڈ کوارٹر اور گورنر کی رہائشی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کے صوبے غزنی میں چوکیوں کا جائزہ لینے کے لیے نکلنے والے ضلعی پولیس کے سربراہ وحید اللہ ایک حملے میں اپنے دو محافظوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔ طالبان باضابطہ طور پر ان دونوں کارروائیوں کی ذمے داری قبول کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ فروری میں طالبان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں امریکی مرحلہ وار افغانستان سے اپنی فوج واپس بلانے کا وعدہ کرچکا ہے جب کہ دوسری جانب طالبان نے کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ سفارت کار حلقوں کا کہنا ہے کہ طالبان کے ایسے حملوں سے افغان حکومت سے ان کے تعلقات میں کشیدگی اور بے اعتمادی بڑھے گی۔ طالبان کی جانب سے افغانستان میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں زیادہ تر افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں