کراچی: وزیر اعلی سندھ کا اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں، گارڈز کیلئے امداد کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں اور سیکیورٹی گارڈز کے لیے امداد کا اعلان کردیا سینٹرل پولیس آفس میں پی ایس ای حملے کو ناکام بنانے والے اہلکاروں میں تعریفی اسناد کی تقریب کے موقع پر وزیر اعلی سندھ نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے اور بیٹے کونوکری جب کہ 3 شہید سیکیورٹی گارڈز کے اہل خانہ کو بھی 50 ، 50 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہید سیکیورٹی گارڈز کے بچوں کو بھی نوکری دی جائے گی جب کہ زخمی اہلکاروں کو بھی 10،10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوان اور سیکیورٹی گارڈز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 سے 10 منٹ میں دہشت گردوں کو ختم کیا، میرے لیے بڑی بات یہ بھی ہے کہ اس دوران اسٹاک ایکسچینج میں معمول کے مطابق کام ہوتا رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج میں کام جاری رہنا سندھ حکومت اور پولیس پر اعتماد کا اظہار ہے، یہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے سے بھی بڑا نقصان ہوسکتا تھا، دہشت گرد تاثر دینا چاہ رہے تھے کہ پاکستان کمزور ہوگیا لیکن پولیس نے ان کے عزائم ناکام بنادیے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اسٹاک ایکسچینج کے ٹریڈنگ ہال تک پہنچنا چاہتے تھے لیکن پولیس اور گارڈز نے مہارت سے انہیں ناکام کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں