اسلام آباد: عمران خان ملک کی معیشت تباہ کرنے پر قوم سے معافی مانگے،بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کی معیشت تباہ کرنے پر وہ قوم سے معافی مانگے۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے یہ مطالبہ قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے عمران خان کی جانب سے بدنام زمانہ دہشتگرد اسامہ بن لادن کو شہید کہنے پر بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان گزشتہ حکومتوں پر پٹرول پر لیوی لگانے پر تنقید کرتے تھے لیکن اب بجٹ پاس ہونے سے قبل ہی انہوں نے پٹرول کی قیمتوں پر لیوی عائد کرکے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ یہ پٹرول بم عوام پر اس وقت گرایا گیا ہے جب پاکستان عالمی کساد بازاری ، کورونا اور ٹڈی دَل کے حملوں کا سامنا کر رہا ہے۔ بلاول بھٹونے کہا کہ ٹڈی دَل نے پاکستان کے کسانوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول میں یہ اضافہ غیرقانونی اور ظالمانہ ہے۔ غیرقانونی اس لئے ہے کہ قیمتیں بڑھانے سے قبل نہ تو اوگرا سے مشورہ کیا گیا اور نہ ہی اوگرا نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کس طرح کوئی وزیر پٹرول کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا ہے بجائے اس کے وہ عوام کو ریلیف دیتی۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی چیز کا نوٹس لینا چھوڑ دیں کیونکہ وہ جب بھی کسی چیز پر نوٹس لیتے ہیں تو اس چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ عمران خان دواﺅں کا نوٹس لیا ان کی قیمتیں بڑھ گئیں، ماسک کا نوٹس لیا تو اس کی قیمتیں بڑھ گئیں انہوں نے آٹے کا نوٹس لیا تو آٹا مہنگا ہوگیا، چینی کی قیمت پر نوٹس لیا تو چینی مہنگی ہوگئی انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو قرنطینہ کرنے اور نوٹسز لینا چھوڑ دیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کراچی جہاز کے حادثے کا الزام پائلٹ اور ائیرٹریفک کنٹرولر پر لگا رہی ہے تاکہ اپنی ناکامیاں چھپا سکے۔ انہوں نے کہ کہ اپوزیشن نے تو مشورہ دیا تھا کہ فلائٹ آپریشن کو معطل رکھا جائے تاکہ کورونا کو کنٹرول کیا جا سکے لیکن حکومت نے بات نہیں مانی۔ اب وزیر ہوا بازی آکر کہتے ہیں کہ پائلٹس کورونا پر گفتگو کر رہے تھے۔ ہوابازی کے وزیر نے مزید کہا کہ پائلٹس کی ڈگری جعلی ہے حالانکہ وزیر موصوف کی ڈگری خود جعلی ہے جس کی وجہ سے وہ پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر پہلے ق لیگ میں شامل ہوئے اور پھر پی ٹی آئی میں چلے گئے۔ ایک ایسا وزیر جس کی اپنی ڈگری جعلی ہو وہ کس طرح سے پائلٹس پر جعلی ڈگری رکھنے پر کس طرح الزام دے سکتا ہے؟یہ حکومت سمجھتی ہے کہ ہر ملازمت سیاسی ہوتی ہے جبکہ یہ حکومت اپنے ہی ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن میں اضافہ کرنے سے انکاری ہے۔ اب پاکستان کی ساری دنیا میں تذلیل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن نے لاک ڈاﺅن نہیں کیا تو وہاں مرنے والوں کی تعداد سویڈن کے پڑوسی ممالک کی نسبت بہت زیادہ ہوگئی اور اب یہی حکمت عملی پاکستان میں عمران خان استعمال کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو نے وزیر اعظم کی جانب سے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اسامہ بن لادن نے پاکستان کے ہزاروں فوجیوں ، مردوں، عورتوں اور بچوں کو شہید کیا۔ عمران خان محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید نہیں کہتے جبکہ اسامہ بن لادن جیسے دہشتگرد کو شہید کہتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو بزدل کہا تو اسپیکر نے بزدل لفظ کو کارروائی سے حذف کروا دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان نے اسامہ بن لادن کو شہید کہا تھا تو اسپیکر نے عمران خان کا یہ بیان حذف نہیں کیا تھا۔ 

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں